راولپنڈی — پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے شاہ محمود قریشی کو پارٹی کی قیادت سونپنے کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے لیڈر صرف عمران خان ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے واضح کیا کہ "یہ مفروضہ غلط ہے کہ شاہ محمود قریشی پارٹی کو لیڈ کرنے جا رہے ہیں، ان کا عہدہ برقرار ہے، مگر پارٹی قیادت عمران خان کے پاس ہی ہے۔”
سلمان اکرم راجہ نے توشہ خانہ ٹو کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ہم صبح 10 بجے سے جیل کے باہر موجود ہیں، مگر ابھی تک اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح احکامات ہیں کہ وکلا اور فیملی کو ٹرائل میں شرکت کی اجازت دی جائے، مگر اس کے باوجود ہمیں باہر بٹھایا گیا ہے۔”
انہوں نے بند کمرہ ٹرائل پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا، "یہ آئین اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، ٹرائل کو کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔”
سلمان اکرم نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی پر اس وقت 8 سے 9 مقدمات زیرِ سماعت ہیں، اور وہ مزید 8 مقدمات میں گرفتار بھی ہیں، اس لیے ان سے متعلق قیادت کی خبریں بے بنیاد ہیں۔