بیروت — لبنانی وزیر برائے مہاجرین کمال شحادہ نے حزب اللہ کی مسلح پالیسیوں کو لبنان کی تباہی کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست اپنے اس مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی کہ ملک میں اسلحہ صرف ریاستی اداروں کے کنٹرول میں ہونا چاہیے۔
"العربیہ” کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کمال شحادہ کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کا ہتھیار رکھنا ملک کی حفاظت کے بجائے اس کی بربادی کا سبب بنا ہے، اور اس کا واحد حل سفارت کاری اور ریاستی اداروں کی بالادستی ہے۔
دوسری جانب "العربیہ” کے ذرائع کے مطابق حزب اللہ کے عسکری ونگ نے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری کو مطلع کیا ہے کہ وہ اسرائیلی افواج کے انخلاء کے باوجود ہتھیار نہیں ڈالے گا اور تصادم کے لیے بھی تیار ہے۔
اس معاملے پر نبیہ بری نے امریکی ایلچی ٹوم براک کو بتایا کہ وہ شمالی لیطانی کے علاقے میں حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوئی ضمانت نہیں دے سکتے۔
حزب اللہ کے اس مؤقف پر لبنانی حکومت اور صدارتی ایوان میں شدید ناراضی پائی جاتی ہے، تاہم حکومتی موقف واضح ہے کہ لبنان کا اسلحہ صرف ریاست کے پاس ہونا چاہیے۔