اسلام آباد/واشنگٹن – نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ سرکاری دورے پر واشنگٹن پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی آج (جمعرات) کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کی یہ ملاقات واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ میں ہوگی، جو کہ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 8 بجے طے ہے۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں پاک-امریکا دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، باہمی اعتماد کو فروغ دینے، اور تجارت و اقتصادی تعاون میں وسعت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ علاقائی سیکیورٹی صورتحال، افغانستان، اور عالمی اقتصادی چیلنجز جیسے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور اقتصادی روابط کو نئی سمت دینے کے لیے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
واضح رہے کہ اسحاق ڈار کی امریکی قیادت سے یہ پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات ہوگی جب سے انہوں نے وزارت خارجہ کا قلمدان سنبھالا ہے۔ ملاقات کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔