اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بین الاقوامی سوشل میڈیا اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس فوری بند کریں اور ان اکاؤنٹس سے جُڑے افراد کی معلومات حکومتِ پاکستان سے شیئر کریں۔
یہ مطالبہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں اور وہ افراد، جن پر امریکا، برطانیہ اور اقوامِ متحدہ کی پابندیاں عائد ہیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے ایکس (ٹویٹر)، فیس بک اور واٹس ایپ پر تاحال متحرک ہیں اور مسلسل پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ سوشل میڈیا ادارے فرضی اکاؤنٹس کو بند کریں اور ان کی پشت پر موجود عناصر کا ڈیٹا حکومت کے ساتھ شیئر کریں تاکہ اُن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
حکومت نے مطالبہ کیا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال کرتے ہوئے جعلی اکاؤنٹس کی بروقت نشاندہی کریں، اور خودکار شناخت اور بلاکنگ الگورتھمز متعارف کرائیں "پاکستان کو داخلی سیکیورٹی کے حوالے سے شدید چیلنجز درپیش ہیں۔ ایسے میں یہ ناقابل قبول ہے کہ عالمی سطح پر کالعدم قرار دی گئی تنظیمیں سوشل میڈیا پر بغیر کسی روک ٹوک کے سرگرم رہیں۔”وفاقی حکومت کا یہ مؤقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان میں سوشل میڈیا کے ذریعے دہشت گردوں کی بھرتی، نفرت انگیزی اور جھوٹے بیانیے پھیلانے کے کئی کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
حکومت کا یہ اقدام قومی سلامتی کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ اب یہ سوشل میڈیا کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز کو محفوظ بنانے اور عالمی قوانین کے تحت دہشت گرد مواد کو روکنے میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔