پاک چین اسٹریٹیجک شراکت داری کی توثیق، علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار
بیجنگ: فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورہ چین کے دوران چینی سیاسی و عسکری قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی استحکام، اسٹریٹیجک تعاون اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر گفتگو ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل کو چین آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے چینی نائب صدر ہان ژینگ، وزیر خارجہ وانگ ژی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
دونوں ممالک نے پاک چین آہنی اسٹریٹیجک شراکت داری کی دوبارہ توثیق کی اور سی پیک سے متعلق رابطے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقاتوں میں علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال، خودمختاری کے احترام، اور کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، اور دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات علاقائی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
چینی قیادت نے افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و ترقی کے لیے ایک اہم ستون ہے۔