– پاکستان خیبرپختونخوا
کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (KDA) نے ایک کامیاب اور بروقت ریسکیو آپریشن کے دوران 500 سے زائد سیاحوں کو بحفاظت نکال لیا۔ یہ سیاح اس وقت جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک پر پھنس گئے تھے جب کلاؤڈ برسٹ کے باعث لینڈ سلائیڈنگ (تودہ گرنے) سے راستہ بند ہو گیا تھا۔
سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت خیبرپختونخوا عبدالصمد کے مطابق، شدید موسمی صورتحال کے نتیجے میں جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک پر 117 سے زائد جیپیں سیاحوں سمیت محصور ہو گئی تھیں۔
کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ اہلکاروں نے مشکل پہاڑی راستوں اور خراب موسم کے باوجود تمام سیاحوں کو بحفاظت نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سیکرٹری سیاحت عبدالصمد نے کہا:> "سیاحوں کی حفاظت خیبرپختونخوا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے چوکنا ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بھی سیاح کو ایمرجنسی کی صورت پیش آئے تو وہ فوری طور پر 1422 سیاحتی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
یہ بروقت کارروائی نہ صرف متعلقہ اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی عکاس ہے بلکہ خیبرپختونخوا حکومت کے سیاح دوست اقدامات کا مظہر بھی ہے۔