اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی برادری کی جانب سے غزہ میں جاری انسانی بحران پر بے حسی اور عدم ہمدردی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
جمعے کے روز ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بین الاقوامی اسمبلی سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے گوتریس نے کہا کہ عالمی برادری نے فلسطینیوں کے مصائب پر اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں، جو اخلاقی دیوالیہ پن کی واضح علامت ہے۔
انہوں نے کہا: "غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ عالمی ضمیر کے لیے ایک چیلنج ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ بھوک اور جنگ کا شکار غزہ کے عوام کے لیے جو بے اعتنائی اور بے عملی دنیا بھر میں دیکھی جا رہی ہے، اسے الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔
سیکرٹری جنرل نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی کمیونٹیز میں نہ صرف ہمدردی کی کمی ہے بلکہ سچائی اور انسانیت کا بھی شدید فقدان نظر آ رہا ہے۔
گوتریس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں کئی ماہ سے جاری اسرائیلی حملوں کے باعث ہزاروں فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں اور لاکھوں افراد شدید غذائی قلت اور بدترین انسانی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔