اسلام آباد (بیورو رپورٹ محمد سلیم سے )
— الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعجاز چوہدری، رکن قومی اسمبلی محمد احمد چٹھہ، اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کو نااہل قرار دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت (ATC) سے تینوں رہنماؤں کو دس دس سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے تینوں کی نااہلی کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیے ہیں۔
کمیشن کے مطابق سینیٹر اعجاز چوہدری کو آئین کے آرٹیکل 63(1)(h) کے تحت نااہل قرار دیا گیا ہے کیونکہ وہ سزا یافتہ ہونے کے بعد سینیٹ کی رکنیت کے اہل نہیں رہے۔
ایم این اے محمد احمد چٹھہ (حلقہ NA-66 وزیرآباد) اور ایم پی اے احمد خان بھچر (حلقہ PP-87 میانوالی) کو بھی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی، جس پر انہیں بھی اسمبلی رکنیت کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں تینوں افراد اب عوامی نمائندگی کے اہل نہیں رہے اور ان کی نشستیں خالی تصور کی جائیں گی۔