کیلیفورنیا / انقرہ
گوگل نے تسلیم کیا ہے کہ فروری 2023 میں ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے دوران اس کا اینڈرائیڈ پر مبنی زلزلہ وارننگ سسٹم مؤثر طریقے سے کام نہ کر سکا، جس کے نتیجے میں ایک کروڑ سے زائد افراد بروقت خبردار نہیں ہو پائے۔
کمپنی کے مطابق، اگرچہ زلزلے کے مرکز کے قریب موجود افراد کو 35 سیکنڈ قبل وارننگ مل سکتی تھی، مگر صرف 469 افراد کو اعلیٰ سطح کا الرٹ جاری کیا گیا۔ تقریباً 50 لاکھ افراد کو نچلی سطح کے الرٹس بھیجے گئے، جو نمایاں طور پر نظر نہیں آتے۔
چھ فروری 2023 کو ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں آنے والے دو بڑے زلزلوں میں 55 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ایک لاکھ سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ گوگل کا وارننگ سسٹم اس وقت فعال تھا، تاہم زلزلے کی شدت اور اثرات کا درست اندازہ لگانے میں ناکام رہا۔
ترکی میں 70 فیصد سے زائد موبائل صارفین اینڈرائیڈ استعمال کرتے ہیں، جس کے باوجود وارننگ سسٹم کی ناکامی نے ٹیکنالوجی پر انحصار اور انسانی تحفظ کے حوالے سے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔