نیو یارک — اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کے لیے ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ کانفرنس 28 سے 30 جولائی تک جاری رہے گی اور اس کی قیادت سعودی عرب اور فرانس مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔
کانفرنس کا مقصد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دو ریاستی حل کے لیے عالمی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں، جنہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی ریاست کے قیام، 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور بیت المقدس کو دارالحکومت بنانے کے مؤقف پر قائم ہے۔
یہ کانفرنس ایسے وقت ہو رہی ہے جب غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور ہزاروں فلسطینی جان سے جا چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ اجلاس امن کی بحالی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔