تل ابیب —
اسرائیلی اخبار ہآرتز کے مطابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ کے کچھ علاقوں کو اسرائیل میں شامل کرنے کا منصوبہ سیکورٹی کابینہ کی ایک کمیٹی کے سامنے پیش کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ وزیر خزانہ بیتسلئیل سموٹرچ کو حکومت میں برقرار رکھنے کی کوشش کے طور پر سامنے آیا ہے۔ سموٹرچ نے غزہ میں امداد کی اجازت کے بعد مستعفی ہونے کی دھمکی دی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کی حکومت حماس کو جنگ بندی پر آمادہ کرنے کے لیے چند دن کی مہلت دے گی، بصورت دیگر ضم کرنے کا عمل مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس منصوبے کو امریکی انتظامیہ کی منظوری بھی حاصل ہے۔
غزہ کے جن علاقوں کی بات کی جا رہی ہے، ان میں شمالی بفر زون، نتساریم، موراغ، اور فلاڈلفیا (صلاح الدین) راستے شامل ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل نے غزہ میں جزوی جنگ بندی اور امدادی کارروائیوں کا اعلان کیا ہے۔