اسلام آباد — بیورو رپورٹ محمد سلیم سے
قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں علی الصبح پولیس اور ہاسٹل انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ہاسٹل نمبر 6، 8، 9 اور 11 کو مکمل خالی کرا لیا۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 55 سے 60 طلباء کو گرفتار کر کے تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس نے گرفتاریوں پر کوئی باضابطہ مؤقف دینے سے گریز کیا ہے، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی طلباء کو بارہا دی جانے والی مہلت کے بعد کی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق 13 جولائی 2025 سے ہاسٹلز کی عارضی بندش کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کا مقصد سالانہ مرمت اور تزئین و آرائش کا کام تھا۔ طلباء کو 21 جولائی تک ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، جس پر اکثر طلباء نے عمل کیا، لیکن کچھ نے انکار جاری رکھا۔
انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی طلباء کی جانب سے دائر درخواست کو مسترد کر دیا تھا، جس کے بعد آج کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔