پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے ایک اور قدم کے طور پر ندا صالح نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی پہلی خاتون ڈرائیور بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق ندا صالح کو چھ ماہ کی ٹیکنیکل اور پروفیشنل تربیت دی گئی، جس کے بعد انہوں نے باقاعدہ طور پر اورنج لائن میٹرو کی ڈرائیور کی حیثیت سے خدمات انجام دینا شروع کر دی ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ندا صالح کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا:> "ندا صالح جیسی بیٹیاں ہم سب کا فخر ہیں، وہ اس بات کی زندہ مثال ہیں کہ اگر مواقع دیے جائیں تو خواتین کسی بھی شعبے میں پیچھے نہیں۔ ہم بیٹیوں کو ہر میدان میں مساوی مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔”
ندا صالح کی یہ کامیابی نہ صرف خواتین کے لیے ایک نئی راہ ہموار کرتی ہے بلکہ عوامی ٹرانسپورٹ کے شعبے میں خواتین کی شمولیت کی جانب ایک مثبت پیش رفت بھی ہے۔