وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ "انسانی سمگلنگ غلامی کی ہی ایک جدید شکل ہے جس کے خلاف اجتماعی قومی عزم کی ضرورت ہے۔”انہوں نے اس موقع پر عالمی سلوگن "Leave no Child Behind, in the fight against human trafficking” کو دہراتے ہوئے بچوں کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا:> "بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان کا ہر طرح کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب حکومت بچوں کی غیر قانونی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر کاربند ہے۔”
مریم نواز نے انسانی سمگلنگ کے نتیجے میں یورپ جانے والی کشتیوں کے حادثات کو سنگین انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ:> "غیر قانونی ذرائع سے بیرونِ ملک جانے والے نوجوانوں کی ہلاکتوں نے کئی گھر اجاڑ دیے۔ انسانی سمگلر دولت کی ہوس میں معصوم جانوں سے کھیلنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔”
انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو غیر قانونی ہجرت سے باز رکھیں اور محفوظ، قانونی ذرائع سے بیرون ملک جانے کو ترجیح دیں۔
مریم نواز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ:> "ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب کا ہر بچہ، ہر نوجوان، انسانی سمگلنگ جیسے جرم سے محفوظ رہے۔ اس مقصد کے لیے شعور، نگرانی، اور قانون کی مکمل عملداری یقینی بنائی جائے گی۔”
انہوں نے شہریوں، سول سوسائٹی اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ انسانی سمگلنگ کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔