نئی دہلی (انٹرنیشنل مانیٹرنگ ڈیسک) — بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینئر رہنما اور رکنِ راجیہ سبھا کپل سبل نے ایوان بالا میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کے پاس اتنی صلاحیت اور دفاعی سازوسامان موجود نہیں کہ وہ پاکستان کو کوئی بڑا نقصان پہنچا سکے۔
انہوں نے کہا کہ چین اپنی جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی پاکستان کو فراہم کر رہا ہے، جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے۔ کپل سبل کے مطابق چین کے پاس مکمل اسٹیلتھ ٹیکنالوجی موجود ہے، جبکہ بھارت کے رافیل طیارے صرف جزوی اسٹیلتھ صلاحیت رکھتے ہیں۔
کپل سبل نے اپنے بیان میں بھارتی حکومت کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا:
> "حقیقت پسندانہ انداز میں ہمیں ماننا ہوگا کہ موجودہ دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ ہم کسی بھی بڑی فوجی مہم جوئی کے متحمل نہیں ہو سکتے، خاص طور پر جب پاکستان کو چین جیسے اتحادی کی ٹیکنالوجی حاصل ہے۔”انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ جارحانہ بیانات سے گریز کرے اور خطے میں مذاکرات اور سفارتی حکمتِ عملی کے ذریعے استحکام لانے پر توجہ دے۔کپل سبل کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ ہفتوں میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، اور چین کے ساتھ بھارت کے تعلقات بھی تناؤ کا شکار ہیں۔