نئی دہلی (ایجنسیاں) — بھارت کی اپوزیشن جماعت سماج وادی پارٹی کی سینئر رکنِ پارلیمنٹ اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جیا بچن نے پہلگام حملے پر حکومتِ ہند کے سرکاری مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’یہ سب کسی فلم کا منظر لگتا ہے، حقیقت سے بہت دور۔‘‘
راجیہ سبھا میں خطاب کے دوران جیا بچن نے مرکزی حکومت کی جانب سے حملے کو ’آپریشن سندور‘ کا نام دینے پر طنز کرتے ہوئے کہا:> ’’سب سے پہلے تو میں آپ کو مبارکباد دینا چاہوں گی کہ آپ نے ایسے مصنفین رکھے ہیں جو بہت شاندار نام تجویز کرتے ہیں۔ آپ نے اسے ’آپریشن سندور‘ کہا، لیکن اصل سندور تو ان عورتوں کی مانگ سے مٹ گیا جنہوں نے اپنے شوہر کھو دیے۔‘‘انہوں نے حملے کے واقعے پر شکوک کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’جو کچھ بھی ہوا وہ کسی فلم یا ناول کا منظر لگتا ہے۔ لوگ آئے، حملہ کیا، اتنے لوگوں کو مار دیا، اور پھر غائب ہو گئے – اور پھر بھی کچھ نہیں ہوا۔ یہ سب غیر حقیقی محسوس ہوتا ہے۔‘‘