اسلام آباد (بیورو رپورٹ محمد سلیم سے )
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پاکستان کے ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچنگ پر قوم اور سپارکو ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے خلائی تحقیق میں نئے اہداف کا اعلان کیا ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان کا سیٹلائٹ کامیابی سے مدار میں پہنچ چکا ہے، جو ملکی اسپیس ٹیکنالوجی کی ترقی میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے سپارکو کے سائنسدانوں اور انجینئرز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔احسن اقبال نے انکشاف کیا کہ 2026 میں چین کے اشتراک سے ایک پاکستانی آسٹروناٹ کو خلا میں بھیجا جائے گا، جب کہ 2035 تک پاکستان چاند پر پہنچنے کے اپنے منصوبے کو کامیابی سے مکمل کرے گا۔وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پاکستان اسپیس ٹیکنالوجی میں اپنا قائدانہ کردار دوبارہ حاصل کرے گا، اور نوجوان نسل کو سائنسی میدان میں آگے لانے کے لیے پالیسی اقدامات جاری رہیں گے۔
