لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے)
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے خلاف درج چیک ڈس آنر کے مقدمے سے متعلق اہم فیصلہ سنا دیا ہے۔عدالت نے سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سلمان شہباز کے خلاف چیک ڈس آنر کا مقدمہ درج کرنے کا حکم واپس لے لیا۔عدالتی کارروائی کے دوران سلمان شہباز کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ مقدمہ بدنیتی پر مبنی اور قانونی تقاضوں کے برخلاف ہے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس عالیہ نیلم نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مقدمہ درج کرنے کا سیشن عدالت کا حکم قانون کے دائرے سے تجاوز تھا، لہٰذا اسے کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔
یہ فیصلہ سلمان شہباز کے لیے ایک بڑی قانونی کامیابی تصور کیا جا رہا ہے، جب کہ مدعی فریق کی جانب سے ممکنہ اپیل کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔