نئی دہلی/اسلام آباد (انٹرنیشنل مانیٹرنگ ڈیسک)
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پارلیمنٹ میں پاکستان سے متعلق حالیہ کشیدگی پر بریفنگ نہ دینے پر اپوزیشن جماعتوں نے احتجاجاً واک آؤٹ کیا۔
راجیہ سبھا میں جاری اجلاس کے دوران اپوزیشن رہنما ملیکارجن کھڑگے نے وزیراعظم کی غیر حاضری کو ایوان کی توہین قرار دیا۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کی تقریر کے آغاز پر اپوزیشن نے شور شرابا کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔امیت شاہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ حکومت کو اپنی نمائندگی خود طے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف حکومتی اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی پارلیمنٹ میں لگائے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت حقائق کو مسخ کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، مگر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔