پشاور، نیوز رپورٹر
خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امیدوار مشعال یوسفزئی واضح اکثریت سے کامیاب ہو کر سینیٹر منتخب ہو گئی ہیں۔سینیٹ کی یہ نشست معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی ریٹائرمنٹ کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ضمنی انتخاب میں کامیابی کے لیے 73 ووٹ درکار تھے، جبکہ مشعال یوسفزئی نے 86 ووٹ حاصل کیے۔ متحدہ اپوزیشن کی امیدوار مہتاب ظفر کو 53 ووٹ ملے، جبکہ پی ٹی آئی کی طرف سے ایک آزاد امیدوار صائمہ خالد بھی میدان میں موجود تھیں، جنہیں قابلِ ذکر ووٹ نہیں مل سکے۔

انتخاب سے قبل یہ تاثر پایا جا رہا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کی حمایت یافتہ مہتاب ظفر سخت مقابلہ دیں گی، تاہم تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات کے باوجود مشعال یوسفزئی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔سیاسی مبصرین اس انتخابی نتیجے کو پی ٹی آئی کے لیے ایک اہم علامتی فتح قرار دے رہے ہیں، جو خیبرپختونخوا میں اپنی سیاسی گرفت مضبوط رکھنے میں کامیاب دکھائی دیتی ہے، باوجود اس کے کہ بعض حلقوں میں جماعت کو داخلی چیلنجز کا سامنا ہے۔