واشنگٹن/انڈیانا (بین الاقوامی وائس آف جرمنی خبر)
امریکی ریاست انڈیانا میں ایک چھوٹا طیارہ گرنے کے حادثے میں 44 سالہ ویتنامی نژاد خاتون پائلٹ این تھو نیوین ہلاک ہو گئیں۔ وہ دنیا کا تنہا فضائی سفر مکمل کرنے والی پہلی ویتنامی خاتون بننے کے مشن پر تھیں۔
حادثہ انڈی ساؤتھ گرین ووڈ ایئرپورٹ سے روانگی کے فوراً بعد پیش آیا، جب ان کا طیارہ فضا میں گھومتے ہوئے ایک پیٹرول پمپ کے پیچھے جا گرا۔ پائلٹ طیارے میں اکیلی تھیں اور موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
این تھو نیوین کا یہ سفر صرف ایک پرواز نہیں بلکہ ایشیائی خواتین کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور میتھس (STEM) کے شعبوں میں بااختیار بنانے کا ایک مشن تھا۔
انہوں نے 2018 میں "ایشیائی خواتین برائے ایرواسپیس و ایوی ایشن” کے نام سے تنظیم بھی قائم کی تھی۔ ان کی ناگہانی موت پر ہوا بازی کے حلقوں میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔