بیروت (بین الاقوامی خبررساں ادارے) —
اسرائیلی فضائیہ نے لبنان کے مشرقی پہاڑی علاقے بقا وادی میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ حملے جنتا اور یحفوفہ کے پہاڑی مقامات پر کیے گئے، جو کہ شامی سرحد کے قریب واقع ہیں۔
لبنانی ذرائع کے مطابق حملوں کا ہدف حزب اللہ کے مبینہ اسلحہ ڈپو اور کمانڈ مراکز تھے، تاہم فوری طور پر جانی یا مالی نقصان کی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔اسرائیلی حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم مبصرین کے مطابق یہ حملے حزب اللہ کی جانب سے سرحدی جھڑپوں اور راکٹ حملوں کے ردعمل میں کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے خطے میں ایک بڑے تصادم کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔