لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب محمد شہزاد سے)
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے ہمراہ گورنمنٹ مسلم لیگ ہائی اسکول، ایمپریس روڈ لاہور کا دورہ کیا۔ دونوں وزراء نے اسکول کی تعلیمی حالت، انفرا اسٹرکچر اور دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
وزیر تعلیم پنجاب نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت اسکول کو "ایمنینس اسکول” کے طور پر اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے اس منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے بعد اسکول میں جدید سہولیات، معیاری تعلیم اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی نظام متعارف کرایا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا،
> "یہ میرا مادرِ علمی ہے، اور آج اس کی ترقی دیکھ کر دل خوشی سے لبریز ہے۔ تعلیم ہی ہمارا مستقبل ہے اور ہم نئی نسل کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔”
اس فیصلے پر علاقہ مکینوں، والدین، اساتذہ اور طلبہ نے خوشی کا اظہار کیا اور حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ اسکول میں ترقیاتی کاموں کے آغاز سے قبل ہی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
وزیر ریلوے نے اس موقع پر کہا کہ:
> "گورنمنٹ مسلم لیگ ہائی اسکول اب تعلیمی ترقی کا نیا نشان بنے گا اور یہ ماڈل اسکول دوسرے تعلیمی اداروں کے لیے مثال ہوگا۔”
یہ اقدام حکومت پنجاب کی تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور معیاری تعلیم کے فروغ کے عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
