لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے)
لاہور سے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس ٹرین شیخوپورہ کے قریب کالا شاہ کاکو کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی، جہاں ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے میں کم از کم 26 مسافر زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ریلوے حکام کے مطابق، واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹرین معمول کی رفتار سے گزر رہی تھی کہ اچانک بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق، زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے جبکہ شدید زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ٹرین کی بوگیوں کو ہٹانے اور ٹریک کی بحالی کا عمل بھی جاری ہے۔وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے حادثے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ریلوے اور ڈی ایس ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو سات روز کے اندر انکوائری رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔وزارتِ ریلوے کے مطابق، حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
