کراچی (عدالتی رپورٹر)
سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کے صوبائی محتسب کے فیصلے کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے مونس علوی کو 25 لاکھ روپے جرمانہ ناظر سندھ ہائیکورٹ کے پاس جمع کرانے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔مونس علوی اپنے وکیل بیرسٹر عابد زبیری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، جہاں عدالت نے صوبائی محتسب اور شکایت کنندہ کو نوٹسز بھی جاری کر دیے۔عدالت نے دورانِ سماعت ریمارکس دیے:
> "صوبائی محتسب کے فیصلے کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھتا ہے، متعلقہ قانون کہاں ہے؟”
گزشتہ روز صوبائی محتسب سندھ نے مونس علوی کو ایک خاتون ملازمہ کو ہراساں کرنے کے الزام میں عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ فیصلے میں کہا گیا تھا کہ:> "مونس علوی نے خاتون کو ہراساں کیا اور ذہنی اذیت دی۔ اگر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو ان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کی جا سکتی ہے۔”
مونس علوی کا مؤقف:مونس علوی نے ہراسانی کے الزام اور فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا:> "میں نے ہمیشہ پیشہ ورانہ تعلقات میں دیانتداری، وقار اور اصولوں کا خیال رکھا۔ حالیہ فیصلہ میرے لیے انتہائی تکلیف دہ ہے اور میں اسے قانونی طور پر چیلنج کر رہا ہوں۔”عدالت نے معاملے پر مزید سماعت کے لیے فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں اور کیس کی آئندہ تاریخ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔