اسلام آباد —بیورو رپورٹ سلیم جٹ سے
اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اتوار، 4 اگست کو پاکستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ یہ ان کا بطور صدر پہلا بیرونِ ملک دورہ ہے، جسے دونوں برادر اسلامی ممالک کے تعلقات میں اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق، ڈاکٹر پزشکیان کی وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ون آن ون ملاقات ہو گی، جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات متوقع ہیں۔ دونوں رہنما دو طرفہ تجارت، سرحدی تعاون، توانائی کے منصوبے اور سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ایرانی صدر کی ملاقاتیں:
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی
اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق
یہ ملاقاتیں باہمی اعتماد کے فروغ، انسداد دہشتگردی تعاون اور علاقائی استحکام پر مرکوز ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق، صدر پزشکیان اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے اور ثقافتی مراکز کا بھی دورہ کریں گے اور ایک اعلیٰ سطحی کاروباری فورم سے خطاب کریں گے۔
توقع ہے کہ اس دورے کے دوران گیس پائپ لائن منصوبے، بارڈر مارکیٹس اور زاہدان-کوئٹہ ریلوے لائن جیسے موضوعات پر پیش رفت ہو گی۔
ایرانی صدر کے دورے کو پاکستانی وزارت خارجہ اور ماہرین سفارت کاری پاک-ایران تعلقات میں نئی روح پھونکنے والا اقدام قرار دے رہے ہیں۔