برلن (انٹرنیشنل ڈیسک) — جرمنی میں گھریلو تشدد کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایک حالیہ سرکاری رپورٹ کے مطابق، سال 2024 میں مجموعی طور پر 2,56,942 افراد کو گھریلو تشدد کا شکار قرار دیا گیا، جو گزشتہ برس کی نسبت 3.7 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرین میں اکثریت خواتین کی ہے، تاہم مردوں پر تشدد کے کیسز میں بھی اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ ماہرین اس بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سماجی اور معاشی دباؤ، ذہنی صحت کے مسائل اور لاک ڈاؤن کے بعد کے اثرات سے جوڑ رہے ہیں۔
حکام نے اس صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے مؤثر قانون سازی، فوری حفاظتی اقدامات اور متاثرین کو سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔ جرمن وزارتِ داخلہ کے مطابق، حکومت گھریلو تشدد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔