برلن / غزہ —
جرمن حکومت نے کہا ہے کہ محصور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں "ابتدائی اور محدود پیشرفت” تو ہوئی ہے، تاہم موجودہ امدادی سطح علاقے کے باسیوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے "انتہائی ناکافی” ہے۔برلن میں وزارت خارجہ کی ترجمان نے صحافیوں کو بتایا:> "ہم نے حالیہ دنوں میں امدادی سامان کی فراہمی میں کچھ بہت محدود پیشرفت دیکھی ہے، لیکن یہ مقدار ایک ایسے خطے کے لیے کافی نہیں جہاں لاکھوں افراد انسانی بحران کا شکار ہیں۔”انہوں نے زور دیا کہ غزہ میں امداد کی بلا رکاوٹ اور فوری رسائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں جاری کشیدگی، اسرائیلی کارروائیوں اور زمینی ناکہ بندی کے باعث مقامی آبادی کو خوراک، ادویات اور صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیمیں بھی متواتر خبردار کر رہی ہیں کہ غزہ میں حالات تیزی سے بگڑ رہے ہیں اور اگر امدادی رسائی کو وسعت نہ دی گئی تو انسانی المیہ ناقابلِ تلافی بن سکتا ہے۔جرمن حکومت نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری اور مؤثر اقدامات کرے تاکہ غزہ کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
