اسلام آباد (بیورو رپورٹ محمد سلیم سے )
ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو 8 ارب ڈالر سالانہ تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے صدر پزشکیان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔ایرانی صدر نے سلامی کے چبوترے سے اتر کر گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، جس کے بعد وزیراعظم نے صدر پزشکیان کا اپنی کابینہ سے تعارف کرایا، جبکہ ایرانی صدر نے بھی وزیراعظم کو اپنے وفد سے متعارف کرایا۔بعد ازاں مہمان صدر نے ایوانِ وزیراعظم کے سبزہ زار میں ایک یادگاری پودا لگا کر دوستی اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کی علامت قائم کی۔سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو فروغ دینے، تجارتی حجم کو 8 ارب ڈالر تک بڑھانے، اور سرحدی تجارت کے فروغ سمیت توانائی، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے شعبوں میں اشتراک کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ایرانی صدر کا یہ دورہ پاک-ایران تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز تصور کیا جا رہا ہے، جو خطے میں باہمی ترقی اور استحکام کے لیے سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے