تہران (انٹرنیشنل مانیٹرنگ ڈیسک)
ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل عامر ہاتمی نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اسرائیل کے ساتھ ممکنہ جنگ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنرل ہاتمی نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے ایران کے مفادات یا اس کے اتحادیوں کے خلاف کوئی جارحانہ قدم اٹھایا، تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ "ایران خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، لیکن کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ اسرائیل کی جانب سے حالیہ بیانات اور فوجی نقل و حرکت کو ہم سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔”جنرل ہاتمی نے مزید کہا کہ ایران نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو ہر سطح پر تیار رکھا ہے، اور دشمن کو کسی بھی قسم کی مہم جوئی کی صورت میں بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، خاص طور پر غزہ، لبنان اور شام میں جاری تنازعات کے تناظر میں۔دوسری جانب اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر اس بیان پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم بین الاقوامی مبصرین اس صورتحال کو مشرق وسطیٰ میں ایک اور ممکنہ محاذ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔