اسلام آباد (بیورو رپورٹ سلیم جٹ سے ) – پاکستان میں بجلی کے صارفین کیلئے ریلیف کی امید پیدا ہوگئی ہے، کیونکہ بجلی کی قیمت میں فی یونٹ ایک روپے 75 پیسے تک کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ تجویز سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) کی جانب سے 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (NEPRA) آج باقاعدہ سماعت کرے گی۔
درخواست کی منظوری کی صورت میں ملک بھر کے بجلی صارفین کو 53 ارب 39 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف دیا جائے گا۔ مجوزہ کمی کا اطلاق تمام سرکاری ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (DISCOs) کے ساتھ ساتھ کے-الیکٹرک پر بھی ہوگا۔
باخبر ذرائع کے مطابق اگر ستمبر، اکتوبر اور نومبر کی سہ ماہی کے لیے نیپرا نے منظوری دی، تو 2 روپے 10 پیسے فی یونٹ تک ریلیف ممکن ہے، جب کہ اگست، ستمبر اور اکتوبر کے لیے 1.75 روپے فی یونٹ کمی کی تجویز پیش کی گئی ہے، جو آئندہ مہینوں میں بجلی کے بلوں میں نمایاں کمی کا سبب بن سکتی ہے۔