اسلام آباد: وزارت تجارت کے ذرائع کے مطابق امریکا پاکستان کے لیے سب سے بڑا برآمدی ملک بن گیا ہے۔ گزشتہ چار سالوں میں پاکستان کا امریکا کے ساتھ تجارتی سرپلس 14 ارب 44 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا ہے۔
چار سالہ عرصہ میں امریکا کو پاکستانی برآمدات 23 ارب 24 کروڑ ڈالرز رہیں، جبکہ اسی عرصے میں پاکستان نے امریکا سے 8 ارب 80 کروڑ ڈالرز کی درآمدات کیں۔مالی سال 2024-25 میں امریکا کے لیے برآمدات 5 ارب 84 کروڑ ڈالرز اور درآمدات 1 ارب 74 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہیں، جبکہ تجارتی سرپلس 4 ارب 9 کروڑ ڈالرز رہا۔مالی سال 2023-24 میں برآمدات 5 ارب 29 کروڑ اور درآمدات 1 ارب 26 کروڑ ڈالرز تھیں، تجارتی سرپلس 4 ارب 2 کروڑ ڈالرز رہا۔سال 2022-23 میں برآمدات 5 ارب 28 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز اور درآمدات 2 ارب 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تھیں، سرپلس 3 ارب 25 کروڑ ڈالرز رہا۔سال 2021-22 میں پاکستان نے امریکا کو 6 ارب 83 کروڑ ڈالرز کی برآمدات کیں جبکہ 3 ارب 76 کروڑ ڈالرز کی درآمدات کیں، اور تجارتی سرپلس 3 ارب 7 کروڑ ڈالرز رہا۔تجارتی ماہرین کے مطابق یہ رجحان پاکستان کی برآمدی حکمتِ عملی میں بہتری اور امریکی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کی نشاندہی کرتا ہے۔