آک لینڈ، مانیٹرنگ ڈیسک وائس آف جرمنی
— نیوزی لینڈ کے شمالی علاقے میں ایک چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک بس میں سفر کے دوران ایک خاتون کے سامان سے دو سالہ زندہ بچی برآمد ہوئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ واقعہ اتوار کے روز اُس وقت پیش آیا جب وانگاری سے آک لینڈ جانے والی بین الاضلاعی بس کائیواکا نامی قصبے میں ایک اسٹاپ پر رکی۔ پولیس کے مطابق، بس ڈرائیور کو اُس وقت شک ہوا جب خاتون نے دورانِ سفر وقفے کے دوران سامان کے ذخیرے والے حصے تک رسائی کی درخواست کی۔ بیگ کی غیرمعمولی حرکت نے شک کو مزید بڑھا دیا۔
پولیس نے جب خاتون کے سوٹ کیس کا جائزہ لیا تو اس میں سے دو سالہ زندہ بچی برآمد ہوئی، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی مرکز منتقل کر دیا گیا۔ حکام واقعے کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جا سکے کہ بچی وہاں کیسے پہنچی اور آیا وہ اغوا شدہ تھی یا کوئی اور معاملہ درپیش ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی صحت تسلی بخش ہے، جبکہ خاتون کو حراست میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس غیرمعمولی واقعے نے مقامی لوگوں اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کو جنم دیا ہے