اتراکھنڈ، بھارت (مانیٹرنگ ڈیسک وائس آف جرمنی ) – بھارت کے شمالی ہمالیائی علاقے ہریشیل میں شدید قدرتی حادثے کے باعث ایک ہیلی پیڈ مکمل طور پر بہہ گیا جبکہ فوجی کیمپ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ کئی فوجی اہلکار لاپتہ ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ واقعہ بھارت کی سرحد کے قریبی حساس علاقے دھرالی کے قریب پیش آیا، جہاں تقریباً 200 افراد موجود تھے۔ مقامی انتظامیہ نے تاحال متاثرین کی صحیح تعداد یا نوعیت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔
بھارتی فوج اور ریاستی ایمرجنسی ادارے ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں، تاہم شدید بارش، لینڈ سلائیڈنگ اور دشوار گزار راستے امداد کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔
علاقہ خطرناک قرار دے دیا گیا ہے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
بین الاقوامی ماحولیاتی ماہرین اس واقعے کو موسمیاتی تبدیلیوں سے جوڑ رہے ہیں، جو حالیہ برسوں میں جنوبی ایشیا میں قدرتی آفات کی شدت میں اضافے کا سبب بنی ہیں۔