لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری)
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی ہدایت پر 5 اگست 2025 کو ملک بھر میں یومِ استحصال کشمیر اور یومِ حقوقِ کشمیر و فلسطین منایا گیا۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیوں، دروس اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔
حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق، صدر وسطی پنجاب نازیہ توحید اور صدر لاہور عظمیٰ عمران نے لاہور میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کر کے نہ صرف کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پامال کیے بلکہ مقبوضہ علاقے میں فوجی محاصرہ، کرفیو، انٹرنیٹ بندش اور سیاسی قیادت کی گرفتاری جیسے اقدامات کیے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے فلسطین کی صورتحال پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، امریکہ کی سرپرستی میں غزہ میں نہتے شہریوں کا قتل عام کر رہا ہے، جہاں بھوک، پیاس اور بمباری کے ذریعے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے دونوں خطوں میں مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے ملک گیر احتجاجات کا اہتمام کیا، جہاں عوام کو کشمیر اور فلسطین میں جاری ظلم و ستم سے آگاہ کیا گیا۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کشمیر اور غزہ میں ہونے والی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اپنا کردار ادا کریں۔