لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری)
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، جب بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس اقدام کے ذریعے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر شب خون مارا گیا، اور گزشتہ 78 برسوں سے بھارت ظلم، جبر اور ریاستی طاقت کے تمام ہتھکنڈے آزما چکا ہے، لیکن کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی آج بھی پوری قوت سے جاری ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ نہ صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی پامالی بھی ہے، جس سے پورے خطے کا امن خطرے میں پڑ چکا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مقبوضہ وادی میں دس لاکھ بھارتی افواج کی موجودگی، بھارت کے جبر کا واضح ثبوت ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں اس جدوجہد کا زندہ ثبوت ہیں کہ وہ نہ کبھی جھکے ہیں اور نہ ہی جھکیں گے۔
ملک محمد احمد خان نے اپنے بیان کے اختتام پر امید ظاہر کی کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔