راولپنڈی – انٹرنیشنل ڈیسک ( بیورو رپورٹ سلیم جٹ سے )
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے 5 اگست کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کشمیری عوام کی جدوجہد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہے، جبکہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوششیں عالمی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ وادی پر تسلط اور مسلسل جابرانہ اقدامات، اشتعال انگیز بیانات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطے میں عدم استحکام کا سبب بن رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام صرف جموں و کشمیر کے منصفانہ، پُرامن اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل سے ہی ممکن ہے۔
بیان کے اختتام پر پاک فوج نے کشمیری عوام کی حق و آزادی کی جائز جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔