کراچی: ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 14 ستمبر کو ہوگا، لیکن اس سے قبل ہی جعلی ٹکٹوں کی فروخت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق یو اے ای میں شیڈول ایشیائی کرکٹ ایونٹ کی ٹکٹوں کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا، مگر گوگل پر تلاش کے دوران متعدد مشتبہ ویب سائٹس سامنے آئی ہیں جو ٹکٹیں فروخت کرنے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔
ان ویب سائٹس میں سے ایک نے وی آئی پی پاس 11 ہزار درہم میں فروخت کے لیے پیش کیا جبکہ عام ٹکٹ 1500 درہم سے بھی زائد قیمت پر بیچے جا رہے ہیں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایسی جعلی ویب سائٹس سے خریداری سے گریز کیا جائے۔ کرکٹ شائقین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ صرف آفیشل ذرائع سے ہی ٹکٹ خریدیں تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکا دہی سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ سے کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز رہا ہے، اور اس بار بھی مداحوں میں غیرمعمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔