دنیا بھر میں مقبول ترین میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے فراڈی سرگرمیوں کے خلاف بڑا ایکشن لیتے ہوئے رواں سال کی پہلی ششماہی (جنوری تا جون 2025) میں 68 لاکھ جعلی اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔ یہ اکاؤنٹس زیادہ تر جنوب مشرقی ایشیا میں فعال منظم فراڈ نیٹ ورکس سے وابستہ تھے، جو صارفین کو جعلی سرمایہ کاری، پرامڈ اسکیمز اور کرپٹو اسکیمز کے ذریعے نشانہ بناتے تھے۔
میٹا (Meta)، جو واٹس ایپ کی مالک کمپنی ہے، نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ یہ فراڈی عناصر صارفین کے مالی دباؤ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسی پیشکش کرتے تھے جو بظاہر بہت فائدہ مند دکھائی دیتی تھیں، لیکن درحقیقت ان کا مقصد رقم اور ذاتی معلومات چُرانا تھا۔
میٹا کے مطابق، ان فراڈز کا آغاز عام طور پر ڈیٹنگ ایپس یا دیگر سوشل پلیٹ فارمز پر ایک دوستانہ پیغام سے ہوتا تھا۔ دھوکہ دہی کا عمل واٹس ایپ، ٹیلیگرام اور کرپٹو ایپس تک پھیل جاتا، تاکہ کسی ایک پلیٹ فارم پر مکمل اسکیم کا پتہ نہ چل سکے۔
حال ہی میں واٹس ایپ، میٹا اور اوپن اے آئی نے مل کر ایک فراڈی اسکام رِنگ کا سراغ لگایا، جو کمبوڈیا سے چلایا جا رہا تھا۔ اس نیٹ ورک میں چیٹ جی پی ٹی کا استعمال کر کے متاثرین کو واٹس ایپ پر لایا جاتا، جہاں انہیں ٹیلیگرام پر منتقل کر کے ٹک ٹاک ویڈیوز لائک کرنے کے بہانے ایک اسکوٹر کرائے پر دینے والی جعلی اسکیم میں پھنسایا جاتا۔ بالآخر، ان سے کرپٹو اکاؤنٹ میں رقم جمع کروائی جاتی، جسے سرمایہ کاری کا نام دیا جاتا۔
واٹس ایپ نے صارفین کے تحفظ کے لیے کئی نئے سیکیورٹی فیچرز متعارف کرائے ہیں، جن میں:
اگر کوئی اجنبی صارف آپ کو کسی گروپ میں شامل کرتا ہے تو ایپ گروپ کی تفصیلات دکھائے گی اور آپ کو بغیر چیٹ کھولے گروپ چھوڑنے کا آپشن دے گی۔
ایک اور نیا فیچر جس کی جانچ جاری ہے، وہ صارف کو اجنبی نمبرز سے چیٹ شروع کرتے وقت الرٹ کرے گا، اور مزید معلومات فراہم کرے گا تاکہ صارف محفوظ فیصلہ کر سکیں۔