واشنگٹن: امریکی خلائی ادارہ ناسا چاند پر ایٹمی ری ایکٹر نصب کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاکہ مستقبل کی خلائی معیشت کو سہارا دیا جا سکے، مریخ پر توانائی پیدا کرنے کے منصوبے آگے بڑھائے جائیں اور خلا میں امریکی قومی سلامتی کو مضبوط کیا جا سکے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ناسا کے عبوری سربراہ اور سیکریٹری ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے ادارے کو ہدایت دی ہے کہ اس منصوبے پر تیزی سے کام کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی بروقت تیار کرنا ناگزیر ہے کیونکہ چین اور روس 2030 کی دہائی کے وسط تک چاند پر اپنا ایٹمی ری ایکٹر نصب کرنے اور مشترکہ اڈہ قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی حکام نے واضح طور پر چاند پر جوہری توانائی کے منصوبے کو بین الاقوامی مسابقت اور قومی سلامتی سے جوڑ کر پیش کیا ہے۔