پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے حالیہ دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بھارت کو دونوں ممالک کے جنگی طیاروں کے موجودہ ذخیرے کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تصدیق کا چیلنج دے دیا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت نے کسی ایک بھی پاکستانی طیارے کو نہ مار گرایا اور نہ ہی تباہ کیا۔ انہوں نے بھارتی ائیر فورس کے سربراہ کے تاخیری دعوے کو "غیر معقول” اور "ناموزوں وقت پر کیا گیا” قرار دیا، اور نشاندہی کی کہ تین ماہ تک اس نوعیت کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
وزیرِ دفاع نے کہا کہ پاکستان نے فوری طور پر بین الاقوامی میڈیا کو تکنیکی بریفنگ دی، جس میں غیر جانبدار مبصرین نے متعدد بھارتی طیاروں، بشمول رافیل، کے نقصان کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق یہ اعترافات عالمی رہنماؤں، بھارتی سیاست دانوں اور غیر ملکی انٹیلی جنس رپورٹس میں بھی شامل تھے۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے چھ بھارتی جنگی طیارے، ایس-400 فضائی دفاعی نظام، اور کئی بھارتی ڈرونز کو تباہ کیا، جبکہ متعدد بھارتی فضائی اڈے بھی ناکارہ بنا دیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کے جانی و مالی نقصانات بھی پاکستان کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھے۔