گلگت کے دنیور نالے میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں سات مقامی رضاکار ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق رضاکار سیلاب سے متاثرہ واٹر چینل کی بحالی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا تودہ گر پڑا، جس سے متعدد افراد دب گئے۔
اسپتال ذرائع نے تصدیق کی کہ حادثے میں سات افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے، جن میں تین زخمی زیر علاج ہیں۔ مقامی آبادی کی مدد سے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ شیشپر نالے میں پانی کے بہاؤ میں اضافے سے قریبی آبادیوں، زرعی زمینوں اور درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ قراقرم ہائی وے بھی متاثر ہو کر ایک بار پھر بند ہو گئی ہے۔