اسلام آباد: ذرائع کے مطابق پاکستان کی ہاکی ٹیم نے بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ موجودہ پاک-بھارت کشیدہ تعلقات، بھارتی میڈیا کی منفی مہم اور انتہا پسند گروہوں کی جانب سے کھلاڑیوں کو دی جانے والی دھمکیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ:پاکستان نے ہمیشہ کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھا ہے، لیکن بھارت نے کھیلوں کو سیاست کی نظر کر کے متنازعہ بنا دیا ہے۔”
بھارتی میڈیا میں پاکستان مخالف پروپیگنڈہ جاری ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر کئی انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے پاکستانی ہاکی ٹیم کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان حالات میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کو لاحق سنگین خدشات کے باعث پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہماری اولین ترجیح کھلاڑیوں کی جان و مال کی حفاظت ہے، اور موجودہ سیاسی اور سماجی ماحول بھارت میں کھیلوں کے لیے سازگار نہیں۔یہ فیصلہ خطے میں کھیلوں کی سفارت کاری پر ایک بڑا سوالیہ نشان چھوڑتا ہے۔ اس سے قبل بھی کئی مواقع پر پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلوں کے میدان میں تنازعات سامنے آ چکے ہیں۔