راولپنڈی: اڈیالا جیل انتظامیہ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی صحت، سہولیات اور جیل میں طرزِ رہائش سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ عمران خان مکمل صحت مند ہیں اور انہیں بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ہیں۔
جیل انتظامیہ کے مطابق عمران خان کے تمام اعضاء رئیسہ (vital organs) کا باقاعدگی سے معائنہ کیا جاتا ہے اور گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ان میں کسی قسم کی بیماری یا عارضہ رپورٹ نہیں ہوا۔ معائنہ کرنے والے ڈاکٹرز نے ان کی صحت کو مکمل طور پر تسلی بخش قرار دیا ہے۔
ترجمان جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بی کلاس کی وہ سہولیات فراہم کی گئی ہیں جو دیگر قیدیوں کو دستیاب نہیں، جن میں معیاری خوراک، مطالعے کے لیے کتب و اخبارات، ورزش کی سہولت، ایکسرسائز سائیکل اور ذاتی ایل ای ڈی شامل ہیں۔ وہ روزانہ دو گھنٹے کھلے صحن میں واک اور ایکسرسائز کرتے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ عمران خان کی سیکیورٹی اور طبی ضروریات کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور ان کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں برتا جا رہا۔
جیل ریکارڈ کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 66 افراد نے عمران خان سے ملاقات کی، جن میں پارٹی رہنما، وکلا اور قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔ عمران خان نے جیل سے اپنے سیاسی مشورے، احتجاج، انتخابات، اور 26 ویں آئینی ترمیم پر ہدایات جاری کیں۔ ان کے بیانات 45 مرتبہ قومی میڈیا کی سرخیوں میں شامل ہوئے۔
انتظامیہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے جیل میں رہتے ہوئے عالمی میڈیا سے بھی انٹریکشن کیا ہے اور وہ مسلسل مین اسٹریم میڈیا اور اخبارات سے مخاطب رہے ہیں۔
اڈیالا جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ پر عمران خان سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہیں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، جن کا مقصد صرف سستی شہرت حاصل کرنا ہے۔ جیل کے اندر بانی پی ٹی آئی کو مکمل قانونی اور انسانی حقوق کے مطابق سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔