لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب فرزانہ چوہدری سے) –
بلوچستان میں غیرت کے نام پر ہونے والے دہرے قتل کے واقعے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد پیش کی گئی ہے۔
یہ قرارداد استحکام پاکستان پارٹی کے رکنِ اسمبلی شعیب صدیقی نے جمع کرائی، جس میں قانون سازی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔بلوچستان میں فرسودہ رسم و رواج کی بنیاد پر سرعام گولیوں سے چھلنی کرنا ایک افسوسناک اور شرمناک واقعہ ہے جس نے ہر ذی شعور شہری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔اپنا قانون اور عدالت لگانے والے کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔یہ واقعہ زمانہ جاہلیت اور قبائلی پستی کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ایوان پاکستان بھر میں غیرت کے نام پر ہونے والے تمام واقعات کی شدید مذمت کرتا ہے۔تمام ملوث کرداروں کو منظرعام پر لا کر سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔قرارداد میں کاروکاری اور غیرت کے نام پر قتل جیسی فرسودہ رسومات کے خلاف سخت سزاؤں پر مبنی قانون سازی پر زور دیا گیا ہے۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
یہ قرارداد نہ صرف بلوچستان بلکہ ملک بھر میں خواتین اور انسانی حقوق کے تحفظ سے متعلق ایک اہم قدم کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔