کابل – افغانستان میں طالبان حکومت نے ملک میں تیار کردہ پہلی مقامی بس اور کار نمائش کیلئے پیش کر دی۔ یہ پیش رفت صنعتی خود انحصاری کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل سمجھی جا رہی ہے۔
گزشتہ روز کابل میں ایک خصوصی تقریب کے دوران نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر اور نائب وزیر اعظم برائے انتظامی امور مولوی عبدالسلام حنفی نے صنعتی فیکٹریوں کے نئے کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس کمپلیکس میں 105 سے زائد اقسام کی اشیاء تیار کی جا رہی ہیں، جن میں زرعی آلات، مشینری، پرزہ جات، ٹرانسپورٹ گاڑیاں اور صنعتی ساز و سامان شامل ہے۔
افتتاح کے موقع پر نیشنل ڈیویلپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے تیار کردہ مصنوعات کی نمائش بھی منعقد کی گئی، جس میں مقامی بس اور کار خاص توجہ کا مرکز رہیں۔ تقریب میں شریک کابینہ ارکان نے مقامی بس میں سفر بھی کیا.
ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بس کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا:”کچھ دن قبل میں نے اعلان کیا تھا کہ افغانستان نے اپنی پہلی قومی بس تیار کی ہے، تو بعض لوگوں نے اسے پروپیگنڈا کہا۔ میں نے گزشتہ رات اسی بس میں سفر کیا ہے اور نیشنل بس کمپنی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنا وعدہ پورا کیا۔”

صنعتی ترقی اور خود انحصاری کی جانب اہم قدم
افغان حکومت کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ملکی صنعت کو فروغ دینے اور درآمدات پر انحصار کم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ اس کے ذریعے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔