متحدہ عرب امارات نے غزہ میں محصور فلسطینیوں کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مستقل بندوبست کر دیا ہے۔ یو اے ای حکام کے مطابق، مصر اور غزہ کی سرحد کے قریب قائم اماراتی ڈیسالینیشن پلانٹس سے روزانہ 20 لاکھ گیلن صاف پانی غزہ پہنچایا جائے گا۔
پانی کی ترسیل کے لیے 6.7 کلومیٹر طویل نئی پائپ لائن بچھا دی گئی ہے، جو رفح سے خان یونس تک پانی پہنچائے گی۔ یہ اقدام ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ کی 85 فیصد سے زائد پانی کی لائنیں تباہ ہو چکی ہیں۔
متاثرہ علاقوں میں نئی لائنوں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ تباہ شدہ نظام کی بحالی کا کام بھی جاری ہے۔
یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق، یہ منصوبہ "آپریشن الفارس الشہم 3” کے تحت جاری ہے، جبکہ فضائی امدادی مشن ’طیور الخیر‘ بھی دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔
اماراتی امداد کو ماہرین غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران ایک اہم اور عملی قدم قرار دے رہے ہیں، جو ہزاروں متاثرہ خاندانوں کے لیے زندگی کی نئی امید بن سکتا ہے۔