بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف آج (جمعہ) سے باضابطہ کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں افغان مہاجرین کی واپسی اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے افسران نے شرکت کی۔ڈی سی کوئٹہ نے اجلاس کو بتایا کہ افغان مہاجرین کے لیے Proof of Registration (PoR) کارڈ رکھنے والوں کو پاکستان میں قیام کے لیے 31 جولائی 2025 کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی، جو اب مکمل ہوچکی ہے۔اب صرف رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو قیام کی اجازت ہوگی، جب کہ غیرقانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
کارروائی کے دوران گرفتار افراد کو ملک بدری کے عمل سے گزارا جائے گا۔ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز اور اسنیپ چیکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی ہے۔
