لاہور (انٹرنیشنل کارسپونڈنٹ پنجاب محمد شہزاد سے)
پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان عالم اسلام میں ایک ممتاز اور متحرک کردار ادا کر رہا ہے، اور موجودہ حالات میں ملکی دفاع، داخلی استحکام اور اسلامی وحدت کے فروغ کے لیے نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ "پاک فوج نے دشمن کے خلاف معرکۂ حق میں کامیابی حاصل کی، اور اپنی صفوں کو بنیان مرصوص کی مانند منظم کرکے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔”
حافظ اشرفی نے بتایا کہ ماہِ اگست کو معرکۂ حق کے طور پر منایا جائے گا اور ملک بھر کی مساجد و مدارس میں خصوصی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا، جب کہ 14 اگست کو قومی پرچم تمام مدارس و مساجد پر لہرایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع میں بھرپور کامیابیاں حاصل کی ہیں اور اب داخلی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔حج پالیسی سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ "نئی حج پالیسی حجاج کرام کے لیے راحت اور سہولت کا باعث بنے گی۔”
انہوں نے عالمی سطح پر فلسطین کے مسئلے پر پیش رفت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ میں فلسطین پر سعودی عرب اور فرانس کی صدارت میں ہونے والی کانفرنس ایک مثبت اقدام ہے۔ امیر محمد بن سلمان کی فلسطین کے لیے کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست قائم ہوگی اور مسلمان مسجد الاقصیٰ میں جا کر شکرانے کے نفل ادا کریں گے۔حافظ اشرفی نے بتایا کہ پاکستان کے نائب وزیراعظم نے بھی اس اہم بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی جو عالم اسلام کے اتحاد کا مظہر ہے۔