باکو (انٹرنیشنل ڈیسک) — آذربائیجان کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل ITV پر نشر کیے گئے ایک حالیہ پروگرام میں ایک متنازع دعویٰ سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا کہ ایران کے شہر تبریز کو آذربائیجان کا حصہ تصور کیا جانا چاہیے۔
پروگرام کے میزبان نے کہا: "آج ہم بلا خوف و خطر کہہ سکتے ہیں کہ تبریز ایران کا نہیں، بلکہ آذربائیجان کا حصہ ہے۔ جلد ہی خوئے، اردبیل، تبریز، ارومیہ اور زنجان جیسے شہروں کو آزاد کر کے ایک تاریخی آذربائیجان قائم کریں گے۔”
اس بیان پر ایران کی جانب سے تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس قسم کے بیانات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا کر سکتے ہیں، خاص طور پر جب خطہ پہلے ہی جیو پولیٹیکل کشیدگی کا شکار ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق ایران ایسے دعووں کو اپنی علاقائی سالمیت کے خلاف اشتعال انگیزی تصور کرتا ہے، اور ماضی میں بھی اس نوعیت کے بیانات پر سخت ردعمل دے چکا ہے۔